Urdu Blog اردو بلاگ

Entries from February 2005

نہلے پہ دہلا

February 27, 2005 · Leave a Comment

یہ سچا واقعہ ہے جو کچھ عرصہ پہلے پیش آیا ۔

کالج میں دو لڑکیاں بیٹھی باتیں کر رہی تھیں باتیں کرتے کرتے وہ فوج کے موضوع پر آ گئیں ۔ لڑکی نمبر1 نے کہا
” یہ آرمی والوں کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے ، بڑے جاہل قسم کے ہوتے ہیں اور انہیں کوئی تمیز بھی نہیں ہوتی وغیرہ وغیرہ ۔۔۔۔”
اسی دوران لڑکی نمبر2 کے چہرے پر ہوائیاں سی اڑنے لگیں ۔ لڑکی نمبر1 نے کہا کہ تمہیں کیا ہوا ہے ۔ لڑکی نمبر2 نے دھیمی آواز میں جواب دیا
” اس لیے کہ میرے ابو فوجی ہیں “
یہ سن کر لڑکی نمبر1 بہت شرمندہ ہوئی اور بات بدل کر ناموں کے متعلق بحث شروع کر دی ۔ باتیں کرتے کرتے لڑکی نمبر2 نے کہا
” یہ پرویز نام دیکھا ہے تم نے ، میں نے ایک جگہ اس کا مطلب منحوس پڑھا تھا ، خسرو پرویز کا بھی یہی نام تھا جس نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہِ و سلّم کے نامہ مبارک کی گستاخی کی تھی ، یہ ہمارے صدر کا بھی تو یہی نام ہے جس نے عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے “
بات کرتے کرتے لڑکی نمبر 2 نے لڑکی نمبر1 کی تیوریاں بدلتے دیکھیں تو اسے شک ہوا ۔ اس نے دوسری لڑکی سے پوچھا ” تمہارے ابو کا کیا نام ہے “
لڑکی نمبر1 نے مریضانہ آواز میں جواب دیا
” پرویز ” ۔۔۔۔۔۔۔

اب یہ مت پوچھیے گا کہ اس کے بعد مجروحان کا کیا حال ہوا ۔۔۔۔۔

جہانزيب کا تبصرہ بوقت Tuesday, March 01, 2005 12:16:44 PM
ہا ہا ہا بعض اوقات ايسے واقعات پيش آ جاتے ہيں۔ ميں کراچی ميں ميرين اکيڈمی ميں تھا تو ايک ڈيوٹی آفيسر تھے ہمارے جو کافی سخت تھے اور سب کيڈٹس اُن سے خار کھاتے تھے۔ايک دفعہ ميں اور ميرا دوست رات کے ١٠ بجے کے بعد کھڑے اُنہی کی باتيں کر رہے تھے۔ ياد رہے کہ ١٠ بجے کے بعد کيڈٹس اپنے کمرے سے باہر نہيں آ سکتے مگر وہ کہتے ہيں نا اصول بناۓ ہی توڑنے کے ليے جاتے ہيں۔ ہم اُن کی برائياں کر رہے تھے اور وہ ہمارے پيھے کھڑے سُن رہے تھے۔

اور قدير بھائی آپ ماشااللہ اُردو بلاگنگ ميں مجھ سے بُہت آگے بھی ہيں اور مجھ سے اچھا کام بھی کر رہے ہيں ميں تو صرف اپنا وقت گزارتا ہوں۔ اور دوسری بات ميری سمجھ سے بھی باہر ہے کہ ميرا بلاگ گوگل پر کيوں نہيں آتا صرف ايک دِن کے ليے آيا تھا انڈکس پر اُس کے بعد ندارد۔خير ياہو پر آتا ہے۔ ابھی رات کافی سے زيادہ گزر چکی ہے اور ميرا خيال ہے ابھی سونا چاہيے۔ ويسے آپکا بلاگ بھی کافی پپو اور معلومات سے بھرا ہے۔ ليکن ايک بات جو ميں کہنا چاہوں گا کہ آپ ايک صفہے پر پوسٹ کی مقدار کو ٦ پوسٹ پر تبديل کر ديں اُس سے سکرولنگ کم کرنا پڑے گی اور ميرے خيال ميں صفحہ زيادہ اچھا دِکھائی دے گا
اللہ حافظ

Categories: Miscellaneous متفرق

محرم الحرام

February 12, 2005 · Leave a Comment

تمام مسلمانوں کو نیا اسلامی سال مبارک ہو ۔

محرم الحرام کا مہینہ شروع ہو چکا ہے ۔ ہر دفعہ کی طرح اس بار بھی یہ سبق دہرایا جائے گا کہ ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا چاہیے ۔

مگر ان سب باتوں کے صرف کہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کتنے لوگ اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہیں اور کتنے لوگوں نے اسلامی ضابطہ حیات اپنا رکھا ہے ۔ صرف باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوتا ۔ میں بھی یہ سب لکھ کر مزے سے سو جاؤں گا اور عمل کو دوسرے لوگوں کے ذمے کر دوں گا ۔ حضرت امام حسین کی قربانی کا مقصد کیا تھا؟ انہوں نے سجدے میں سر کٹایا تھا ، اور ہم لوگ نماز کو چھونا بھی گوارا نہیں کرتے ۔ انہوں نے اپنی جان کی قربانی اس لیے دی کہ مزید خون خرابہ نہ ہو اور اقتدار کی رسہ کشی کا عمل ختم ہو جائے ۔ مگر پھر بھی وہی بے مقصد کام جاری رہے اور بے عقل لوگوں نے اس واقعے کے مقاصد پر غور کرنا گوارا نہیں کیا ۔ اس وقت بھی ، جب میں یہ سب لکھ رہا ہوں ، میرے ارد گرد لوگوں کے بے ہنگم ہنگامے کا شور ہے ۔ محرم الحرام کی پہلی تاریخ کو بسنت منائی جارہی ہے ۔ لوگوں نے پتنگوں کے ساتھ ساتھ بیہودگی کو بھی سر سے اوپر اٹھا رکھا ہے ۔ آہستہ آہستہ لوگوں کے دلوں سے عقیدت اور مذہبی شعار کا تقدس ختم ہوتا جا رہا ہے ۔ پہلے جمعتہ المبارک کے دن تمام دکانیں بند رہتی تھیں ، پھر یوں ہوا کہ لوگ شام کے پانچ چھے بجے کے بعد دکانیں کھول دیتے تھے ۔ پھر یوں ہوا کہ صبح کے گیارہ بارہ بجے تک دکانیں کھلی رہتی تھیں اور اب ، جمعہ کا پورا دن کاروبار میں گزر جاتا ہے ۔ ایک شخص دکان پر بیٹھتا ہے اور دوسرا نماز پڑھنے چلا جاتا ہے ، جب وہ آتا ہے تو پہلا چلا جاتا ہے ۔ اور یوں تمام دن دکانیں کھلی رہتی ہیں ۔ مجھے اس بات پر اعتراض نہیں ہے کہ لوگ دکانیں کیوں کھلی رکھتے ہیں ، بلکہ تکلیف یہ ہے کہ لوگوں نے نماز کو بھی شارٹ ہینڈ کر لیا ہے اور فری سٹائل قسم کی نمازیں شروع کر دی ہیں ۔ جاتے ہیں اور بس دو فرض پڑھ کر واپس آ جاتے ہیں ۔ اور مسجد میں داخلہ بھی اس وقت ہوتا ہے جب جماعت کھڑی ہوتی ہے ۔

اب اس محرم میں بھی ، نہ جانے کتنے لوگ مذہب کے نام پر مارے جائیں گے اور نہ جانے کتنے لوگ اپنے آپ کو قاتل بنانے کی سعی کریں گے ۔ ان لوگوں میں عقل و شعور کا مادہ ہی نہیں ہے جو دوسروں کو قتل کر کے سمجھتے ہیں کہ وہ اسلام کی خدمت کر رہے ہیں ۔ اگر کسی کو کوئی تکلیف ہے بھی تو اسے چاہے کہ اسے برداشت کرے ۔ مگر صبر کا مادہ تو کسی میں ہے ہی نہیں ۔ ایک بیوقوفی کرتا ہے تو دوسرا اس سے بڑی حماقت دکھاتا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم جیو اور جینے دو کی حکمتِ عملی پر عمل کریں ۔ اور اگر کسی بات پر اعتراض ہے تو سب مل کر بیٹھیں ، یا تو اس بات کو ختم کر دیں یا خاموشی اختیار کر لیں ۔

دعا کیجیے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہمیں صبر، حلم ، عقل اور عمل کی صلاحیتیں اور توفیق عطا فرمائیں ۔ آمین ، ثم آمین ۔

Categories: Miscellaneous متفرق

میرے عزائم

February 10, 2005 · Leave a Comment

میں نے phpBB کی main یعنی اصل اور سب سے بڑی فائل کا ترجمہ کر لیا ہے اور اب میں faq کا ترجمہ کر رہا ہوں ۔ معلوماتِ عامہ کے اس صفحے کا %50 ترجمہ مکمل ہو گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ باقی انشاءاللہ ایک دو دن میں مکمل ہو جائے گا اور پھر یہ phpBB کی ویب سائٹ سے دستیاب ہوگا ۔ دعا کیجیے کہ یہ کام بخیروخوبی مکمل ہو جائے ۔
اس ترجمے کا مقصد انٹرنیٹ پر اردو کا فروغ اور معلومات کی اردو زبان میں فراہمی ہے ۔ جب میں نے اس کام کا سوچا تو میرا خیال تھا کہ ایسا کوئی شخص ٹیکنالوجی کو اردو میں منتقل کرنے کا کام نہیں کر رہا ہوگا اور اردو کے انٹرنیٹ پر فروغ کے لیے اقدام کرنے والا کوئی نہیں ہوگا ۔ مگر جب میں نے بلاگ کے نام سے گوگل پر سرچ کی تو پتہ چلا کہ آصف اور ان کے ساتھی پہلے سے ہی یہ کام کر رہے ہیں ۔ اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ۔ میں ان کی برابری کا دعویٰ تو نہیں کر سکتا کیونکہ میں ان سے عمر اور تجربہ میں کم ہوں ، مگر میں امید کرتا ہوں کہ وہ اس کام میں میری رہنمائی کریں گے ۔

اگرچہ میں پی ایچ پی نہیں جانتا مگر میں کامن سینس سے کام لے کر ایسا کرناچاہتا ہوں کہ اردو لائف کے اردو پیڈ کو phpBB میں شامل (embed) کیا جائے ۔ میں اس میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ مگر پھر مجھے اپنی ہارڈ ڈسک فارمیٹ کرنی پڑی اور وہ سب کچھ ڈیلیٹ ہو گیا ۔ چونکہ وہ سب تُک بندی تھی اس لیے مجھے دوبارہ یہ کام کرنے میں دشواری کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مگر مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاؤں گا ۔ اگر کوئی صاحب یا صاحبہ میری مدد کرنا چاہیں تو میں ان کو خوش آمدید کہوں گا ۔

مستقبل میں اگر اللہ تبارک و تعالیٰ نے مجھے مہلت اور موقع دیا تو میں جدید ٹیکنالوجی کو اردو میں لانے کا عزم رکھتا ہوں ۔ میں چاہتا ہوں کہ خصوصاً کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سے متعلقہ علم کو اردو میں پھیلایا جائے ۔ چونکہ مجھے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سیکھنے میں بہت دشواری ہوئی ۔ اس لیے میں چاہتا ہوں کہ انٹرنیٹ کے ان صارفین کو جو ابھی مبتدی ہیں ، اس علم سے آگاہ کیا جائے ۔

Categories: Miscellaneous متفرق

اک بار کہو تم میری ہو

February 6, 2005 · Leave a Comment

ہم گھوم چکے بستی بن میں
اک آس کی پھانس لیے من میں
کوئی ساجن ہو کوئی پیارا ہو
کوئی دیپک ہو کوئی تارا ہو
جب جیون رات اندھیری ہو
اک بار کہو تم میری ہو

جب ساون بادل چھائے ہوں
جب پھاگن پھول کھلائے ہوں
جب چندا روپ لٹاتا ہو
جب سورج دھوپ نہاتا ہو
یا شام نے بستی گھیری ہو
اک بار کہو تم میری ہو

ہاں دل کا دامن پھیلا ہے
کیوں گوری کا دل میلا ہے
ہم کب تک پیت کے دھوکے میں
تم کب تک دور جھروکے میں
کب دید سے دل کو سیری ہو
اک بار کہو تم میری ہو

کیا جھگڑا سود خسارے کا
یہ کاج نہیں بنجارے کا
سب سونا روپا لے جائے
سب دنیا ، دنیا لے جائے
تم ایک مجھے بہتیری ہو
اک بار کہو تم میری ہو

ابنِ انشاء (شیر محمد خان)

Nabeel کا تبصرہ بوقت Sunday, February 06, 2005 4:02:05 PM
ڈیر قدیر
السلام علیکم۔ تم تو چھپے رستم نکلے، اتنا اچھا بلاگ بنایا ہوا ہے اور خبر نہیں ہوئی۔ اب جہاں تم نے اپنا بلاگ بنا لیا ہے اور اس سلسلے میں دوسروں کی رہنمائی کا ارادہ رکھتے ہو تو تمہیں شاید یہ بھی معلوم ہو کہ ہم کچھ بلاگرز نے مل کر اس سلسلے میں ایک مشترکہ تعاون شروع کیا ہے جس کا مقصد اردو بلاگنگ کو آسان بنانے کے لیے معلومات کی فراہمی ہے۔ اس سلسلے میں دوستوں نے ایک بلاگ اور ایک وکی پیڈیا سیٹ اپ کیا ہے جہاں سب لوگ مربوط انداز میں معلومات ذخیرہ کر سکتے ہیں۔ ان کاوشوں میں تمہاری شرکت یقینا ہمارے لیے باعث تقویت ہوگی۔

اور یہ تو بتاؤ کہ phpBB پر تمہارا کام کہاں تک پنہچا ہے۔ میں خود اس سمت میں کام کرنا چاہتا ہوں اور گزشتہ چند روز php سیکھتے ہوئے گزارے ہیں۔ میری بھی خواہش ہے کہ ایک باقاعدہ اردو فورم سیٹ اپ کروں۔ میں تمہارے ساتھ اس سلسلے میں معلومات کا تبادلہ کرنا چاہتا ہوں۔ اگر تم مناسب سمجھو تو مجھے ای۔میل میں اپنا فون نمبر بھیجو۔

مع السلام

نبیل

Asma کا تبصرہ بوقت Monday, February 07, 2005 8:58:27 PM
Asalamoalakum w.w.!
Well, an english intruder at an urdu blog … :) But anyways, thats a really good blog you’ve created here.

Well done, Wassalam n Happy Blogging!

Categories: Miscellaneous متفرق

میری خوش قسمتی

February 6, 2005 · Leave a Comment

میں ڈاکٹر افتخار راجہ صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ اناڑی کی کوشش (اس بلاگ) کو پسند کیا ۔ آج کل ان سے ملاقات نہیں ہو رہی ، پتہ نہیں کہاں چلے گئے ہیں ؟؟؟

اب آصف اقبال صاحب نے بھی میری بہت زیادہ پذیرائی فرمائی ۔ ان کا تبصرہ پڑھنے کے بعد میں اتنا مسرور ہوا کہ میں نے اپنا ہی بلاگ کئی دفعہ پڑھ ڈالا ۔ حالانکہ میں اپنی تحریروں کو تیسری بار پڑھنا گوارا نہیں کرتا ۔ میرا خون سیروں نہیں تو گراموں میں ضرور بڑھ گیا ہوگا ۔ اللہ کرے میرا زورِ قلم اور زیادہ :)

میں آج کل phpBB کا اردو ترجمہ کر رہا ہوں ۔ سچی بات ہے بندے کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں ۔ ایک تو مجھے ٹائپنگ سے ویسے ہی چِڑ ہے ، اسی لیے میں نے اپنی ٹائپنگ کی سپیڈ تیز کرنے کی کوشش نہیں کی ، اوپر سے اتنی مشکل اصطلاحات کا ترجمہ کرنا تو بس ۔۔۔ مگر میں نے بھی ٹھان لی ہے کہ انشاءاللہ مقفّیٰ اور مسجع ترجمہ کر کے ہی چھوڑوں گا ، چاہے دلِ ناتواں لاکھ سر پِیٹے ۔

Categories: Miscellaneous متفرق