اسے ایک انقلابی قدم کہنا بے جا نہ ہوگا .
آخرکار نبیل بھائی نے مسئلہ حل کر دیا ، جس کا انتظار تھا وہ اب مل گیا ہے ، یعنی اردو ایڈیٹر ۔ ہم سب اردو کے شائقین ایک عرصہ سے ایک ایسے اردو ایڈیٹر کی تلاش میں تھے جو یونیکوڈ میں اردو لکھ سکے اور اسے دیگر پروگرامز مثلاً phpBB میں استعمال کیا جا سکے ۔ نبیل نقوی مبارکباد سے زیادہ کے مستحق ہیں اور انہوں نے بلاشبہ ایک زبردست کام سر انجام دیا ہے ۔
نبیل بھائی کا تفصیلی مضمون اردو بلاگنگ پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ اس مضمون میں انہوں نے اردو ایڈیٹر کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے ، اس کے کام کرنے کا طریقہ اور یہ کہ کہ اسے دوسرے پروگرامز میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے دوسرے لوگوں کی طرح اپنے کام کو دوسروں سے بچانے کی کوشش نہیں کی ، بلکہ اپنی محنت کو دوسروں کے لیے آزادی سے پیش کر دیا ہے اور یارانِ نکتہ دان کو صلائے عام دی ہے کہ وہ آئیں اور اردو ایڈیٹر کی ترقی اور بہتری کے کام میں مدد کریں ۔
اردو لائف کے اردو پیڈ کے برعکس ، یہ اردو ایڈیٹر کئی گنا زیادہ کارآمد اور عامل ہے ۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہر ونڈوز میں بالکل درست کام کرتا ہے ۔ چونکہ یہ ویب بیسڈ ہے اس لیے اس کو انٹرنیٹ ایکسپلورر میں استعمال کیا جاتا ہے ، فائر فوکس کے ساتھ کام کرنے میں فی الحال دشواری ہے مگر اس کو بھی انشاءاللہ جلد ہی دور کر دیا جائے گا ۔ اس کی ایک اور بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں ویب پیج پر موجود تمام فارم فیلڈز میں اردو لکھی جاسکتی ہے ۔ یعنی صرف ٹیکسٹ ایریا ہی نہیں بلکہ تمام خانے اردو کے قابل ہیں ۔ آپ کو فارم کے تمام خانے اردو میں دستیاب ہونگے ۔
اردو ایڈیٹر سے متعلق دیگر تفصیلات نبیل بھائی کے بلاگ پر دیکھی جا سکتی ہیں ۔
Nabeel کا تبصرہ بوقت Wednesday, March 09, 2005 6:03:18 PM
بس بس اب اتنی تعریف بھی نہ کرو۔ میں تمہارا بھی شکر گزار ہوں کہ تم نے مجھے اس کام کی ترغیب دی ۔ مجھے خوشی ہو گی اگر لوگوں کو اس کام سے فائدہ پہنچے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ لوگ اردو کی ترویج کی خاطر زیادہ سے زیادہ اوپن سورس پراجیکٹس پر کام کریں گے ۔ میری دعا ہے کہ اردو کی ترقی کے لیے تمہارا جوش و جذبہ اسی طرح باقی رہے ۔
0 responses so far ↓
There are no comments yet...Kick things off by filling out the form below.