Urdu Blog اردو بلاگ

جان شان

April 17, 2005 · Leave a Comment

میری عمر18سال اور وزن53 کلو ہے ۔ جی؟ کیا کہا؟ نہیں جی میں کسی ایسے ویسے مقصد کے لیے یہ معلومات فراہم نہیں کررہا ، بلکہ آپ سے مشورہ مانگ رہا ہوں ، مشورہ صحت سے متعلق، یعنی جان شان بنانے کے لیے کوئی تجویز درکار ہے ۔

آج کل میں اس موضوع پر کافی سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں کہ مجھے بھی اپنی صحت پر توجہ دینی چاہیے ۔ بندے کی ذرا جان شان بنی ہو تو صنفِ نازک کو متاثر کرنے میں زیادہ دشواری نہیں ہوتی ۔ میرے تمام دوست آج کل بہت پھلتے پھولتے اور ہٹے کٹے ہوتے جارہے ہیں اور ان میں صرف ایک میں ہی ایسا بندہ ہوں جو دھان اور پان سے مشابہت رکھتا ہے ۔ لہٰذا مجھے یاروں کی باتیں اور بکواسیں دونوں برداشت کرنی پڑتی ہیں اور نیز یہ کہ ان کے ساتھ کھڑے ہونے میں ذرا شرمندگی بھی محسوس ہوتی ہے ۔ ویسے تو میں اچھا خاصا بے شرم بلکہ دریدہ دہن ہوں لیکن اس معاملے میں تھوڑی بہت شرم آ ہی جاتی ہے ۔

تو جناب جب مجھے فکر لاحق ہونی شروع ہوئی تو میں نے اس بارے میں تحقیق کرنی شروع کی ۔ شیرازی صاحب نے بھی ہدایت کی کہ بھائی کچھ جان شان بناؤ اور پھرحارث نے بھی مشورہ دیا کہ بھاگو ۔ بھاگنے کا مشورہ سن کر میرے ذہن میں سوال ابھرا کہ کہ کس کے پیچھے بھاگوں ۔ مثال کے طور پر میں گاڑیوں کے پیچھے تو بھاگ نہیں سکتا کہ ماشاءاللہ میں اشرف المخلوقات ہوں اور یہ ڈیوٹی سگِ آوارہ کی ہے ۔ دوسری بات صنفِ نازک کے پیچھے بھاگنے کی تھی ، جس کا سوچ کر ہی میری قوتِ ایمانی ایک جھٹکے سے بیدار ہوگئی اور مجھے جھنجھوڑنے لگی ۔ ویسے بھی میں اس معاملے میں بالکل کورا ہوں اور کبھی ایسا تجربہ ہوا ہی نہیں اور نہ ہی اس کے نتائج سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ ہوں ۔ لہٰذا اس خیال کو بڑی بد دلی کے ساتھ خیر باد کہنا پڑا ۔ آخر کار تیسرا خیال پارک میں بھاگنے کا آیا ، جو کہ نسبتاً درست لگا ۔

تو جناب اگلے ہی دن میں نے صبح صبح اٹھ کر جوگر وغیرہ کسے اور ٹریک سوٹ زیبِ تن فرمایا اور رو بسوئے پارک چل پڑا ۔ میرا خیال تھا کہ پارک میں جا کر ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا میں کچھ لمبے لمبے سانس لیں گے ، ایک دو منٹ گھاس پر چہل قدمی کریں گے اور پھر کسی بنچ پر دراز ہو کر تھوڑی دیر آرام فرمالیں گے ۔ مگر شومئی قسمت آج کل پارک کی انتظامیہ کو بھی ترقی کا بخار چڑھا ھوا ہے لہٰذا انہوں نے ایک کلومیٹر طویل جوگنگ ٹریک بنادیا ہے ۔ چنانچہ دلِ ناتواں کو اسی ٹریک پر بھاگنا پڑا ۔ چنانچہ میں نے مرتے مرتے ایک چکر پورا کر ہی لیا اور سوچا کہ کل ڈیڑھ چکر بھاگوں گا ۔ چنانچہ اگلے دن میں نے ڈیڑھ کی بجائے دو چکر لگائے اور پھر گرتا پڑتا گھر پہنچ ہی گیا ۔ اتنی شاندار کامیابی کے بعد میں نے سوچا کہ اب میں تین کلومیٹر بھاگوں گا ۔ مگر اگلے دن ایک چکر بھی پورا نہ ہوا ۔ چنانچہ میں بھاگنے پر تین حرف بھیج کر گھر واپس آگیا اور جوگنگ کا خیال ہی دل سے نکال دیا ۔

پھر ایک صاحب نے مشورہ دیا کہ کھایا پیا کرو ۔ یہ تجویز مجھے بہت پسند آئی ۔ چنانچہ میں نے ہر وقت کھانے پینے کا کام شروع کر دیا ۔ حتیٰ کہ اپنے گھر والوں کے حصے کا کھانا بھی میں نے ہضم کرنا شروع کر دیا ۔ مگر اس کا الٹا اثر ہوا ۔ بجائے اس کے کہ میرے مسلز بنتے ، الٹا میرا پیٹ بڑھنا شروع ہو گیا ۔ اب آپ خود سوچیے ، ایک اٹھارہ سال کا لڑکا اور توند؟ اب مجھے صحت کے ساتھ ساتھ توند کی فکر بھی لاحق ہو گئی ہے ۔ جان شان تو کیا بنتی ، اب میں نے شلوار کے ساتھ بھی بیلٹ باندھنی شروع کر دی ہے تا کہ شکم واپس اپنی جگہ پر پہنچ جائے ۔

اب آپ ہی بتائیے کہ میں کیا کروں ۔ معلومات عامہ کے لیے میں بتاتا چلوں کہ جب میں پیدا ہوا تو میرا وزن تیرہ پونڈ یعنی تقریباً ساڑھے چھ کلو تھا جو کہ ایک ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے ۔

جہانزيب کا تبصرہ بوقت Sunday, April 17, 2005 9:12:22 AM
ارے واہ سڑھے چھ کلو کا بچہ مگر آپ تحقيق کروا ليتے کہ کہيں ترازو کے نيچے مقناطيس لگا کر تو والدين کو خوش نہيں کيا تھا ڈاکٹر حضرات نے رہ گئی دوجی گل تو وقت پر سويا کريں اور صبح سويرے اٹھ کر پيدا کرنے والے کی تعريف کيا کريں بجائے صنفِ نازک کا سوچنے کے قدرے افاقہ ہو گا

Zack کا تبصرہ بوقت Sunday, April 17, 2005 9:47:37 AM
روز بھاگنے والا طریقہ اچھا نہیں ہے۔ شروع میں صرف تین دن بھاگنا چاہئے۔

اور ساڑے چھ کلو کچھ زیادہ لگتا ہے۔

شعیب صفدر کا تبصرہ بوقت Sunday, April 17, 2005 8:11:35 PM
چھ کلو بہت اچھے ! لگتا ہے اب کہ آپ کہ نظر لگ گئی کوئی ٹوٹکا کرو۔

Nabeel کا تبصرہ بوقت Monday, April 18, 2005 5:58:38 PM
تم حارث کے اور کس کس مشورے پر عمل کرتے ہو؟ میری دانست میں دوڑ لگانا سٹیمینا بڑھانے میں مدد دیتا ہے اور اس سے کیلوریز جلتی ہیں۔ تمہارا مسئلہ میرے والا ہی ہے۔ مجھے اگر قدرے فرق پڑتا ہے تو ویٹ ٹریننگ سے اور ویٹ ٹریننگ ہمیشہ کسی کے زیر نگرانی کرنی چاہیے۔ جہاں تک توند کا تعلق ہے تو اس کے لیے بھی ورزشیں ہیں۔ یہ سارا عمل بے حد صبر طلب ہے اور اس کے نتائج سامنے آنے میں کچھ عرصہ لگ سکتا ہے۔
میرا خیال ہے کہ تم ساڑھے چھ پونڈ کہنا چاہتے ہو گے۔

Categories: Miscellaneous متفرق

0 responses so far ↓

  • There are no comments yet...Kick things off by filling out the form below.

Leave a Comment