خواتین و حضرات ! جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ہم سب نے ایک ایسی ویب سائٹ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا کہ جس میں ہم ٹیکنالوجی اور اردو ادب سے متعلق تمام مواد اردو میں پیش کر سکیں ۔ اب وہ ویب سائٹ بن چکی ہے جسے زکریا اجمل نے تخلیق کیا ہے اور اس کا پتا ہے http://www.urduweb.org
یہ ویب سائٹ ابھی مکمل طور پر تخلیق نہیں ہوئی ۔ زکریا نے پہلے ہی اس پر اردو سیارہ یعنی Urdu Planet قائم کر دیا ہے ۔ اب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے نبیل نے اردو فورم سیٹ اپ کی ہے جس کا پتا ہے http://www.urduweb.org/mehfil ۔ اس فورم کی ڈینٹنگ پینٹنگ کا کام میرے ذمے ہے ۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس فورم کے رکن بنیے اور اس میں ہونے والے صحت مند مباحثوں میں حصہ لیجیے ۔ اس فورم میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے علاوہ اردو ادب اور حالاتِ حاضرہ پر بھی بحث کی جاتی ہے ۔
اس فورم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر اردو ہے ۔ البتہ اس کے معلوماتِ عامہ والے حصے کے ترجمے کا کام باقی ہے اور اس کے علاوہ آئیکون وغیرہ بھی جلد ہی اردو میں پیش کیے جائیں گے (انشاءاللہ) ۔ انٹرنیٹ پر یہ اپنی طرز کی واحد اردو فورم ہے جس میں آپ اپنے اسمِ رکن یعنی User Name اردو میں رجسٹر کروا سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ آپ ونڈوز کے ہر ورژن میں اسے دیکھ سکتے ہیں ۔ لینِکس اور میکنٹوش کے بارے میں اگر کوئی صاحب آگاہ کریں تو بہت مہربانی ہوگی ۔
سب سے انقلابی بات اردو ٹائپ کرنا ہے ۔ وہاں آپ کو اردو ٹائپ کرنے کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا ۔ ہر اِن پٹ فیلڈ (input field) اور ٹیکسٹ ایریا (text area) کے ساتھ دو ریڈیو بٹن دیے گئے ہیں ۔ جن پر کلک کرکے آپ اردو یا انگلش لکھ سکتے ہیں ۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے کمپیوٹر میں انٹرنیٹ ایکسپلور 5.5 یا اس سے بعد کا ورژن انسٹال ہو اور اردو نسخ ایشیا ٹائپ فونٹ بھی انسٹال ہو ۔ چونکہ یہ فونٹ مدھم ہے اس لیے نئے اردو فونٹ کی تخلیق بہت ضروری ہے ۔ انشاءاللہ یہ کام بھی جلد ہی ہو جائے گا ۔ اس کے علاوہ اردو لکھنے اور پڑھنے میں آپ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔
آپ سے درخواست ہے کہ اس اردو فورم کو کامیاب بنائیے ۔ اسے دیکھیے ، اس میں شمولیت اختیار کیجیے ، اس میں ہونے والے مباحثوں میں سرگرمی سے حصہ لیجیے اور اس فورم کو اپنے دوسرے ساتھیوں سے متعارف کرائیے ۔ آپ کی تجاویز ، آرا ، تبصروں اور شکایات کو خوش آمدید کہا جائے گا ۔ اس فورم کی ترقی و فروغ میں اپنا کردار ادا کیجیے اور انٹرنیٹ پر اردو کے فروغ میں حصہ ملائیے ۔
0 responses so far ↓
There are no comments yet...Kick things off by filling out the form below.