Urdu Blog اردو بلاگ

Entries from December 2005

ہائے دعوتِ شیراز

December 9, 2005 · Leave a Comment

میرے بہنوئی کے ساتھ بہت مزے کا واقعہ ہوا ہے ۔ ان کا موبائل چوری ہوا ہے مگر ایسے طریقے سے کہ افسوس کی بجائے ہنسی آرہی ہے ۔

بھائی M.Sc Chemistry ہیں اور موجودہ ملازمت سے پہلے مختلف سکولز اور اکیڈمیوں میں پڑھاتے رہے ہیں ۔ چونکہ ان کے پڑھانے کا طریقہ بہت اچھا ہے اس لیے ان کے students عام طور پر ان کے گرویدہ ہیں ۔

بھائی کا ایک طالب علم ان کا کچھ زیادہ ہی “گرویدہ” ہے ۔ پہلے ایک بار اس نے ان کو ایک کمپیوٹر دکھایا اور اس کی قیمت وصول کر کے انہیں کہا کہ میں یہ کمپیوٹر آپ کو فلاں تاریخ کو دے دوں گا ۔ پھر پیسے لے کر بھاگ گیا ۔ اب کافی مہینے گزرنے کے بعد اس نے واجد بھائی کو فون پر کہا کہ آپ سے ملے ہوئے کافی دن ہو گئے ہیں ، میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں ۔ چنانچہ اس نے انہیں ایک ہوٹل میں کھانے کی دعوت دے ڈالی ۔ اب جب واجد بھائی “دعوت” پر جانے لگے تو میری باجی نے کہا کہ یہ لڑکا آپ کو پھر دھوکہ دے گا ۔ بھائی کے اسسٹنٹ نے بھی انہیں خبردار کیا ۔ پھر بھائی جب خود جانے لگے تو دل میں دعا مانگتے گئے کہ اے اللہ مجھے شر سے محفوظ رکھنا :)

اب استاد شاگرد ایک ہوٹل میں بیٹھے کڑاھیاں ، چکن جلفریزی اور پتہ نہیں کیا کیا کھا رہے ہیں ۔ شاگرد نے استاد سے کہا کہ ذرا اپنا موبائل تو دکھائیے ۔ موبائل دیکھنے کے بعد وہ باہر گیا اور ایک پری پیڈ کارڈ لے کر آیا اور موبائل میں ڈال کر کسی سے بات کرنے لگا ۔ بات کرتے کرتے وہ اٹھ کر باہر چلا گیا ۔ بھائی کھانا کھاتے رہے اور سمجھا کہ شاید وہ کوئی ذاتی بات کر رہا ہوگا ۔ مگر جب وہ کافی دیر تک واپس نہ آیا تو بھائی سمجھ گئے کہ وہ انہیں “چونا” لگا گیا ہے ۔ ابھی کچھ ہی دن ہوئے تھے وہ موبائل لیے ہوئے ۔ طرہ یہ کہ کھانے کا بل بھی بھائی کو ادا کرنا پڑا ؛)

اب وہ جسے بھی یہ قصہ سناتے ہیں وہ افسوس کی بجائے ہنسنا شروع کر دیتا ہے ۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے جب انہوں نے یہ قصہ سنایا ہے تو ہم نے زور زور سے قہقہے لگائے ہیں ۔ بیچارے دعوت کھانے گئے تھے ، اپنا موبائل بھی دے آئے اور کھانے کا بل بھی ۔

ہا ہا ہا ۔۔۔۔۔۔۔۔

Categories: Miscellaneous متفرق