کل شام کو میرے دوست (م) نے مجھ سے شاپنگ کے لیے جانے کو کہا ۔ شاپنگ کیا تھی ، بس ایک عدد کومبو ڈرائیو (combo drive) خریدنا تھا ۔ کومبو ڈرائیو کثیرالمقاصد ڈیوائس ہے ۔ اس میں سی ڈی روم ، سی ڈی رائٹر ، سی ڈی ری رائٹر اور ڈی وی ڈی پلیئر شامل ہیں ۔ میں نے سوچا چلو اس کے ساتھ چل کر کچھ اس کی جیب ہلکی کریں گے ، یعنی کچھ اس کے پلے سے کھاؤں پیوں گا ، مگر ہائے ری قسمت ، الٹا لینے کے دینے پڑ گئے ۔
مجھے کسی نے اطلاع دی تھی کہ کومبو ڈرائیو پندرہ سو روپے کا آتا ہے ۔ چنانچہ میں نے اپنے دوست (م) کو یہی بتایا ۔ اب جناب ہم کینٹ میں واقع خان پلازہ پہنچ گئے جو یہاں کمپیوٹر کی مصنوعات کا بڑا مرکز ہے ۔ وہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ کسی کومبو ڈرائیو کی قیمت 2100 روپے سے کم نہیں ہے ۔ اب اس نے میرے لتے لینے شروع کیے کہ تم نے بکواس کی تھی ، اب میں گھر والوں سے پورے سورے پیسے ہی لے کر آیا ہوں ۔ خیر گھوم پھر کر ایک دکان پر رکے ۔ اس نے 2025 روپے بتائے ۔ اب جناب میرے دوست صاحب کی جیب میں تھے انیس سو روپے ۔ مجبوراً اوپر کے پیسے مجھے دینے پڑے ، قسمت پر ماتم کیا ۔ پھر واپسی پر چلتے چلتے موٹر سائیکل کا پٹرول ختم ہو گیا ، نئی مصیبت ۔ موٹر سائیکل بھی دوست کی تھی اور اس کی جیب میں صرف بارہ روپے تھے ۔ اب میں نے اس کو کوسنا شروع کیا تو اس نے جواباً میری کلاس لے ڈالی کہ تم نے غلط اطلاع دی تھی ۔ اب میں الگ روؤں کہ دعوتِ شیراز بھی گئی ، الٹا ڈرائیو کے پیسے بھی مجھے دینے پڑے اور اب یہ پٹرول ۔ چنانچہ پٹرول کے دس روپے میں نے دیے اور دس اس نے ۔ آگے چل کر پٹرول پمپ سے بیس روپے کا پٹرول ڈلوایا اور خیر سے بدھو گھر کو آئے ۔
نتیجہ : اپنی نیت ہمیشہ صاف رکھو اور زیادہ لمبے چوڑے منصوبے مت بناؤ خاص طور پر کھانے کے معاملے میں ۔
3 responses so far ↓
محمد شاکر عزیز // November 26, 2006 at 6:11 pm
اوہ تو یہ پندرہ سو کی ملتی ہے۔ میرے خیال میں سستی ہونی چاہیے۔ چونکہ میرا ارادہ بھی اسے لینے کا بن رہا تھا۔ ویسے یہ استعمال شدہ تھی یہ نئی؟؟
Noumaan // November 28, 2006 at 1:42 pm
شاکر پندرہ سو کی نہیں اکیس سو کی ملتی ہے۔ میرا بھی ارادہ ہے اسے خریدنے کا کیونکہ میرے بھائی عازب اور کامران مجھے ڈی وی ڈی پلیئر پر فلمیں نہیں دیکھنے دیتے اسلئے سوچ رہا ہوں کمپیوٹر پر ہی دیکھ لیا کرونگا۔
محمد شاکر عزیز // November 30, 2006 at 5:36 pm
جی چیز تو یہ لاجواب لگتی ہے۔
لینی چاہیے کینوکہ آج تو اخبار میں یہ خبر بھی آگئی ہے کہ چین والے ڈی وی ڈی کی جگہ اب ای وی ڈی نامی کوئی ڈسک بنائیں گے جو مزید بہتر اور ایڈوانس ہے ۔
2008 سے ان کے مقامی صنعت کار ڈی وی ڈی کی پیداوار بند کررہے ہیں اس لیے اس سے پہلے کہ ڈی وی ڈی آنی بند ہوجائے اس کو استعمال کرکے دیکھ ہی لینا چاہیے۔