اگرچہ مغرب کی نقالی کا فریضہ ہم پہلے ہی انجام دے رہے تھے ، مگر جنرل پرویز مشرف کی آمد کے بعد اس میں شِدت آگئی ۔ اب صورتِ حال یہ ہے کہ ہم دو لفظ اردو کے بولتے ہیں تو چھ الفاظ انگلش کے درمیان میں لگا دیتے ہیں ۔ حالانکہ ہماری اپنی زبان اردو میں ایک سے ایک خوبصورت لفظ موجود ہے جو انگریزی الفاظ سے کہیں بہتر ہے ۔ ہماری قوم کا احساسِ کمتری اسے یہ غلط سوچ دے رہا ہے کہ اردو پسماندہ زبان ہے اور انگریزی بولنا اعزاز کی بات ہے ۔ خواتین اس معاملے میں کچھ زیادہ ہی ملوث نظر آتی ہیں ۔ جب وہ ملبوسات اور رنگوں کے متعلق گفتگو کرتی ہیں تو بے دریغ انگریزی الفاظ استعمال کرتی ہیں ۔ مختلف رنگوں کے لیے اردو میں مختلف الفاظ ہیں جبکہ انگلش کئی رنگوں کے لیے ایک ہی لفظ استعمال کرتی ہے ۔ رنگوں کے لیے اردو میں الفاظ کا جو تنوع ہے ، اس کی تصدیق درج ذیل تحریر سے ہوتی ہے ۔
قَوسِ قزح میں سات رنگ ہوتے ہیں ‘ دھوپ بھی انہی سات رنگوں کا مجموعہ ہے ۔ ان کے نام یاد رکھنے کے لیے انگریزی میں VIBGOYR کا مخفف استعمال ہوتا ہے ۔
Violet: بَنَفشی
Indigo: نِیلگوں
Blue: نیلا
Green: سبز
Orange: مالٹا
Yellow: پیلا
Red: سُرخ
اِن سات رنگوں میں ہر رنگ کے کئی ذیلی رنگ (shade) بھی ہیں ۔ مختلف رنگوں کی آمیزش سے مختلف shadesبنتے ہیں ۔ معروف رنگوں کے ذیلی رنگ یہ ہیں ۔۔۔
Green: سبز ، کِشمِشی ، گہرا کشمشی ، زَمُردی (emeraldish) ، دھانی ، پِستئی ، طاؤسی ، اَگرئی ، صَندلِیں ، مُونگیا ، انگوری ، اِلائچی ۔
Sea Green: آبی سبز ، کاہی ، زَنگاری ۔
Faun: بادامی ، مَٹیالا ، شُتری ، خاکَستری ۔
Yellow: پیلا ، زَعفَرانی ، کَپاسی ، بَسَنتی ، زرد ، اَسفَر ، شَربَتی ۔
Red: سُرخ ، شَہابی ، شَنگرفی ، عُنابی ، بَنَفشی ، اَرغَوانی ، حِنائی ، اَحمرِیں ، گِیروا ، سِندُوری ۔
Blue:نیلا ، اَزرَق ، آسمانی ، کَرَنجی ، نِیلگوں ، گہرا نیلا ، کَبُودی ۔
Purple: جامنی ، اَرغوانی ، بینگنی ، اُودا ، طُوسی ، فالسئی ، سَوسنی ، کاسنی (lavender) ۔
Gray: سُرمئی ، سلیٹی ، فاختائی ۔
White: دُودھیا ، اَبیَض ، بَرّاق ، اَقمر ۔
سفید و سیاہ کا امتزاج ”اَبلَق“ کہلاتا ہے ۔
Black: سیاہ ، عُودی ، آبنُوسی ۔
Off White: مَوتیا ۔
Pink: گُلابی ، پِیازی ، شَفتالو ، جَوگیا ، گِیروا ۔
Brown: بُھورا ، نَسواری ، خاکی ۔
Orange: مالٹا ، کیسری ، نارنجی ۔
Silver: چمکیلا سفید ، رُوپہلا ، نَقرئی ۔
روپہلے اور طلائی کے امتزاج کو گنگا جمنی کہتے ہیں ۔
Golden: سُنہری ، طَلائی ۔
عنبری: سمندری سوکھی گھاس کا رنگ ۔
کاکریزی: سیاہی مائل اودا رنگ ۔
اس تحریر کو لکھنے میں اردو ڈائجسٹ سے مدد لی گئی ۔
9 responses so far ↓
شعیب صفدر // January 5, 2007 at 10:58 am
چلو اچھی بات ہے کہ آپ نے رنگوں کے نام اردو میں لکھ دیئے مگر یار ان رنگو ں کے نام اور پہچان نہ تو مجھے اردو میں ہے نہ انگریزی میں میں کیا کرو!!!!
شارق // January 5, 2007 at 11:37 am
بہت اچھا قدیر بھائی، کچھ کچھ دن پر اردو کی وکالت کرتے رہا کرو تاکہ لوگ اردو کی طرف مائل ہوسسکیں۔ ہماری زبان بھی بہت
cool
ہے ، بس سیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔
والسلام
Noumaan // January 5, 2007 at 12:48 pm
بہت خوب مجھے ان میں سے کافی سارے رنگوں کے بارے میں معلوم نہ تھا۔ بہت اچھے۔
بدتمیز // January 5, 2007 at 5:40 pm
بھائی ساتھ میں رنگوں کی تصویریں بھی دے دیتے ویسے رنگوں پر یہ لیکچر تمکو کہا سے ملا؟
زکریا // January 5, 2007 at 7:28 pm
اچھی پوسٹ ہے مگر دو غلطیاں ہیں۔
ایک تو قوسِ قزح میں سیاہ نہیں نیلا رنگ ہوتا ہے۔
دوسرے اردو کو اچھا بتانے کے لئے انگریزی کو نیچا دکھانے کی ضرورت نہیں۔
اجمل // January 6, 2007 at 4:12 am
ہماری قوم کا مسئلہ يہ ہے کہ ہمارے ذہنوں ميں احساسِ کمتری سرائيت کر چکا ہے اسلئے ہميں ہر چيز انگريزی بولنے والوں کی اچھی لگتی ہے ۔ ہماری يہ حالت ہو چکی ہے کہ کوّا چلنے لگا تھا ہنس کی چال وہ تو چل نہ سکا اپنی چال بھی بھول گيا ۔ اُردو دنيا کی دوسری سب سے زيادہ بولی جانے والی زبان ہے ۔
Qadeer Ahmad Rana // January 6, 2007 at 7:18 am
شعیب صفدر: یار یہ کمی مجھے بھی محسوس ہوئی تھی ، مگر پوسٹ کرنی تھی ، سو کر دی ۔ اگر کوئی صاحب ان رنگوں کی تصاویر اور انگریزی لکھنے میں مدد دیں تو شکر گزار ہوں گا ۔
شارق: وہ تو ٹھیک ہے مگر coolکی جگہ اردو میں بھی کوئی اچھا سا لفظ تو ہوگا نا؟
نعمان: دیکھ لیجیے پھر
بدتمیز: اوہ ربط دینا بھول گیا
زکریا: غلطی بتانے کا شکریہ ، ابھی درستگی کرتا ہوں ۔
دوسری بات یہ کہ میں انگلش کو نیچا نہیں دکھا رہا ۔ میں تو بس اردو کے فضائل بیان کر رہا ہوں ۔ جب ایک چیز کی فضیلت بیان کی جائے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ باقی چیزیں اس سے کمتر ہیں ۔
اجمل: عالمی تحقیقاتی ادارے اردو کو ہندی کی ایک قسم قرار دے کر ہندی کو دوسرے نمبر پر کھڑا کرتے ہیں ۔ ویسے میرا خیال تھا کہ پہلے نمبر پر انگریزی، دوسرے پر چینی اور تیسرے نمبر پر اردو ہے ۔
GH // January 6, 2007 at 7:43 am
Quite informative !
ابو حلیمہ // January 9, 2007 at 10:08 pm
واہ ، اردو پڑھنے والوں کو اتنے رنگ نظر آتے ہیں؟ قدیر بھأی آپ نے تو ساری بلاگ میں ہی رنگ بکھیر دیٔے ہیں۔ بہت خوب!۔