Urdu Blog اردو بلاگ

بدتمیز کی شان میں ۔ قسط1

January 16, 2007 · 4 Comments

یوں تو دنیا میں کروڑوں بدتمیز ہیں ، مگر ممدوح ان سب سے زیادہ بدتمیز ہے ۔ دنیا میں اس کا صرف ایک کام ہے ، وہ یہ کہ جب آپ کے پاس لکھنے کو کچھ نہ ہو تو اس بدتمیز کے متعلق لکھ دیجیے ۔

بدتمیز کے والدین نے اس کا جو نام رکھا تھا ، وہ اسے پسند نہیں آیا ، اس لیے اس نے اپنے تمام کاغذات میں اپنا نام “بدتمیز” لکھوا دیا ۔ والدین نے اس کا جو نام رکھا تھا ، وہ “ع” سے شروع ہوتا تھا ۔ اب تو شاید اس کو خود بھی یاد نہ ہو کہ اس کا اصل نام کیا ہے ۔

بدتمیز سے میری شناسائی تو دو سال پرانی ہے ، مگر اس سے دوستی کی حد تک بے تکلفی کافی بعد میں پیدا ہوئی ۔ ویسے تو وہ اپنی بدتمیزیوں کے معاملے میں خاصا بے تکلف ہے ، مگر مجھ پر اس کی نظرِ خاص ہے ۔ واضح رہے کہ مجھ سے راہ و رسم بڑھانے میں اس نے پہل کی ، اس کے پسِ پردہ اس کا مقصد یہ تھا کہ میری بچی کھچی عزت کو بھی خاک میں ملایا جائے اور دنیائے بلاگنگ میں میں بھی بدتمیز کہلاؤں ۔ الحمدللہ ابھی تک اس کے مقاصد پورے نہیں ہوئے ، مگر جس رفتار سے اس کی بدتمیزیاں اور میری جوابی کاروائیاں جاری ہیں ، لگتا ہے کہ جلد ہی میرا نام بھی بدل جائے گا ۔

بدتمیز کی حالیہ بدتمیزی اس وقت سنگین ہو گئی جب محفل کے ایک ناظم نے ہماری پرائیویٹ گفتگو میں دخل اندازی شروع کردی ۔ ہوا کچھ یوں کہ بدتمیز نے بدتمیزی شروع کی تو میں نے جوابی کاروائی شروع کر دی ۔ میرے ایک سادہ سے مذاق پر محفل کے ایک ناظم چیں بہ جبیں ہونے لگے اور مجھے بھی بدتمیز کا ہم پَلہ قرار دے دیا گیا ۔ یہ تو خیر ہوئی کہ بدتمیز نے مجھے برابری کا رتبہ دینے سے گریز کیا ، ورنہ میں بھی بدتمیز کہلاتا ۔

بدتمیز کی ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ صرف میرے لیے بدتمیز بنتا ہے ۔ اس کے بلاگ پر آپ کو بدتمیزی قطعاً نظر نہیں آئے گی ۔ مگر جہاں میں گیا وہ پیچھے پیچھے آیا اور بدتمیزی شروع کر دی ۔ آپ کو تو معلوم ہی ہے کہ میں کسی کام میں پیچھے نہیں رہتا ، چنانچہ اس کا “مکو ٹھپنے” کے لیے مجھے بھی کچھ بدتمیزی دکھانی پڑتی ہے ، اور یوں بدتمیز اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتا ہے ۔

اگر بدتمیز بدستور بدتمیز ہی رہا تو آپ کو میرے بلاگ پر بدستور بدتمیزیاں یعنی بدتمیز کے متعلق تحریریں نظر آتی رہیں گی ۔

Categories: Friends احباب

4 responses so far ↓

  • بدتمیز // January 16, 2007 at 5:37 pm

    ہوا کچھ یوں کہ بدتمیز نے بدتمیزی شروع کی تو میں نے جوابی کاروائی شروع کر دی ۔

    شرم کرو ماموں، دل تو چاہتا ہے تمہیں ایسی مزے دار ٹکاؤں کے تمہاری عقل ٹھیک ہو جائے۔ سارا الزام مجھ ناچیز کے سر لگا رہے ہو۔ بڑے موقع پرست ہو چلو شرماؤ مت اور آ جاؤ کوئی تمہیں کچھ نہیں کہتا۔

  • Azhar Ul Haq // January 17, 2007 at 7:52 am

    یار قدیر ، آپ اپنے بلاگ کا نام “میں بدتمیز نہیں ہوں“ رکھ لو ۔ ۔ ۔ رہی بات بدتمیز کی تو میں سب کچھ پڑھ کر اپنی رائے دے چکا ہوں فورم میں امید ہے پسند نہیں آئے گی ، مگر میری گذارش یہ ہو گی کہ بھائی اپنے بلاگ کو بدتمیزیوں سے بھرنے کے بجائے ، اٹلی کی ٹلیوں سے بجاؤ ۔ ۔ تا کہ میرے جیسے لوگ بھی امارات میں بیٹھ کر اٹلی کا سفر نامہ لکھ سکیں ۔۔۔۔۔۔ ویسے آپس کی بات ہے ، جب آپ بھی بدتمیز ہو جاؤ گے سوری میرا مطلب ہے بن جاؤ گے تو کیا نام سوچا ہے اپنا ؟؟ ۔ ۔

  • قدیر احمد // January 17, 2007 at 7:59 am

    یار اظہر صاحب ذرا وہ ربط تو دیجیے جہاں آپ نے میری ناپسندیدہ اور اپنی پسندیدہ رائے لکھی ہے
    :D

  • Azhar Ul Haq // January 17, 2007 at 10:30 am

    http://www.urduweb.org/mehfil/viewtopic.php?t=6470&start=15

    پا جی ، لنک حاضر ہے مگر ابھی “ہوآں“ جا کہ پتہ چلا کہ آپ دونوں “ککڑوں“ کی کٹ کٹ کٹاک کو کٹا کٹ کر دیا گیا ہے ، سو دنیا کے لاکھوں اردو جاننے والے آپ کے خیالات و افکار سے محروم ہو گئے ہیں :evil:

Leave a Comment